راولپنڈی: غیر ملکی فوڈ آؤٹ لیٹس پر حملے کرنے والوں کے خلاف ریاست ایکشن میں آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق غزہ جنگ کی آڑ میں ملکی کاروبار کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع ہو گئیں، راولپنڈی میں غیر ملکی ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے 4 ملزمان کی شناخت ہو گئی۔
پولیس نے غیر ملکی ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ دیگر دو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم کو گجرا چوک سے گرفتار کیا گیا، جسے کینٹ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے والےعناصر سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ادھر پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں لاہور بائی پاس چوک پر بھی ایک غیر ملکی فوڈ آؤٹ لیٹ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آور فائرنگ کر کے فرار ہو گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، ملزم کی گرفتار کے لیے تفتیش جاری ہے۔