ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

پنجاب حکومت پورے صوبے میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت پورے صوبے میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کر رہی ہے، سیاحوں کی میزبانی کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ سے اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن کے 25 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں تاجکستان، ازبکستان، ترکیہ اور قازقستان، ترکمانستان، ایران، آذربائیجان اور پاکستان کے سی ایم او مستقل مندوب شامل تھے۔

مریم نواز نے وفد کی لاہور آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر مریم نواز نے لاہور کو ای سی او کیپٹل قرار دینے میں معاونت پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ذاتی نگرانی میں لاہور کی ثقافتی بحالی کیلیے کوشاں ہیں، لاہور صرف ایک شہر نہیں بلکہ زندہ تاریخ کا میوزیم ہے، صوبائی دارالحکومت کی گلیوں میں تہذیب کی خوشبو ہے، اس کے آثار قدیمہ ماضی کی عظمت کے گواہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے باغات، شاہی قلعے اور ہیریٹیج سائٹس شان و شوکت کا ثبوت ہیں، یہ نہ صرف تاریخ کا محافظ ہے بلکہ ذائقوں کا مرکز بھی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب سیاحوں کی میزبانی کیلیے مکمل طور پر تیار ہے، سیاحت کو ایک نئی صنعت کے طور پر فروغ دینے کیلیے پُرعزم ہیں، حکومت پورے صوبے میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کر رہی ہے، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کاروبار، ٹیکنالوجی اور سروسز کا ابھرتا ہوا مرکز بنتا جا رہا ہے، پنجاب میں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، بیرونی سرمایہ کاری کیلیے ہر شعبے میں زمین ہموار کی جا چکی ہے۔

وفد کے شرکا نے وزیر اعلیٰ کو شاندار خطاطی کا نمونہ اور یادگاری سوونیئر پیش کیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں