اسلام آباد : مقامی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات اور طبی معائنہ کروانے کا حکم دے دیا اور 28 اپریل کو رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے اسپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات اور طبی معائنہ کروانے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلاء نے دلائل دیے کہ عدالت اس سے قبل بھی طبی معائنے کا حکم جاری کر چکی ہے۔ عدالت جیل ڈاکٹرز کی موجودگی میں ذاتی ڈاکٹرز سے ماہانہ بنیاد پر طبی معائنے کی اجازت دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا، عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر بیٹوں سے بات کروانے اور طبی معائنے کی اجازت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔
عدالت نے احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ اٹھائیس اپریل کو جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے عمران خان کی جانب سے سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔
وکلاء ظہیر عباس اور خالد یوسف چوہدری کے توسط سے دائر درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی کے بانی کو ہفتہ وار بنیادوں پر اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت دینے کا حکم جاری کیا جائے۔
دوسری درخواست تحریک انصاف کے بانی کے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ سے متعلق دائر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا میڈیکل چیک اپ نہیں کرایا جا رہا۔
استدعا کی گئی تھی کہ ڈاکٹر محمد عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو پی ٹی آئی کے بانی کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی اجازت دی جائے۔