پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم پی ایس ایل کی سب سے مضبوط ٹیم ہے۔
اے آر وائی نیوز کی پی ایس ایل ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ کنگز کے تمام کھلاڑیوں کا ہدف ٹرافی جیتنا ہے، سلمان اقبال سے ملا وہ بہترین شخص ہیں، ان کا جوش و جذبہ ٹیم کو بہت سپورٹ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ فاسٹ بولرز کہیں دیکھنے کو نہیں ملتے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین کھلاڑی ہیں بس کمبی نیشن تیار کرنا ہے، ٹورنامنٹ میں کونسی ٹیم بہترین رہے گی اس کا فیصلہ پرفارمنس کرے گی۔
PSL 10- پی ایس ایل کی تمام خبریں
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ہم بطور کرکٹر ایک ایک میچ کے مطابق پلاننگ کرتے ہیں، کھیل میں کبھی نتائج اچھے آتے ہیں کبھی نہیں آتے، ہمارے لیے ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ دینا زیادہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی ٹرافی جیتنا چاہتا ہے بس درست سمت میں چلنے کی ضرورت ہے، میں انفرادی کارکردگی نہیں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتا ہوں۔
ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ سنچری بناتا ہوں یا نہیں یہ معنی نہیں رکھتا ٹیم کی جیت اہم ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آج رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی، کراچی کنگز نے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دی تھی۔