وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
سمندر پار پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئیں، پنجاب میں خصوصی عدالتوں کا کام جاری ہے، اوورسیز کے لیے باقی صوبوں سے بھی خصوصی عدالتوں کے لیے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کو فائلر سمجھا جائے گا، اوورسیز خواتین کے لیے سرکاری ملازمت کی حد 5 سے بڑھا کر 7 سال کی جارہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی جامعات میں 10 ہزار سیٹوں میں سے 5 فیصد اوورسیز کے لیے مختص کی جارہی ہیں، ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر قوم اوورسیز پاکستانیوں کی بے حد شکر گزار ہے، شکر گزار ہیں کہ ترسیلات زر ہماری ایکسپورٹ سے بھی زیادہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ فارن ایکسچینج بھیجنے والوں کو ہر سال 15 کو سول ایوارڈ دیں گے، نمایاں خدمات انجام دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کو 14 اگست کو ہر سال سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک سے باہر زہریلا اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو بے نقاب کریں، آپ سرمایہ کاری لے کر آئیں تو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی سرمایہ کار ہمارے سر کا تاج ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، آرمی چیف کے ہوتے ہوئے پاکستان کوکوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، جنرل عاصم منیر ایک سچے پاکستانی اور زبردست پروفیشنل ہیں، زبان پر جو بات ہوتی ہے وہی دل میں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے جو جہاد کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پچھلے دور میں سنگین غلطیاں کی گئیں، دہشتگردوں کو خیبرپختونخوا میں آباد کیا گیا، دہشت گردی کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں، فنڈنگ کون کررہا ہے سب جانتے ہیں۔ افسوس ہے سوشل میڈیا پرغلیظ گفتگو کی جاتی ہے۔