کراچی: کپتان کراچی کنگز ڈیوڈ وارنر نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ ہارنے کے بعد کہا کہ آج کی رات خاصی ٹف رہی، تاہم میچ جیتا جا سکتا تھا۔
آسٹریلوی کرکٹر اور پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چھٹے میچ کے بارے میں کہا میں پاور پلے میں وکٹیں گنوانا ہارنے کی وجہ سمجھتا ہوں۔
انھوں نے کہا آج کی رات ہمارے لیے ٹف رہی، پاور پلے میں ہم نے ابتدائی وکٹیں گنوائیں، لیکن یہی وقت ہوتا ہے جب آپ کھیل پر اپنی پکڑ برقرار رکھنے کی جدوجہد کرتے ہیں، کیوں کہ آپ بہت زیادہ پیچھے نہیں رہنا چاہتے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا اگر بولنگ میں خرابی ہے تو اچھی بات یہ تھی کہ ہمارے کچھ بیٹسمین فارم میں آ گئے ہیں، فیلڈنگ میں تھوڑی بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا ہمیں لگا تھا گراؤنڈ میں زیادہ اوس پڑے گی، میں سمجھتا ہوں 200 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا، اگر کیچ نہ چھوڑتے اور بہتر بولنگ کرتے تو اتنا ہدف نہ ملتا، لیکن وہی بات کہ پاور پلے میں ہم نے ابتدائی وکٹیں گنوائیں، جس کے نقصان سے نہیں بچا جا سکتا تھا۔
پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی
کراچی کے حوالے سے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ انھیں یہاں وقت گزارنا بہت زیادہ پسند ہے، ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں جب وہ یہاں آئے تھے تو تب مداحوں سے نہیں مل سکتے تھے، لیکن اب یہ سب زبردست ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے چھٹے میچ میں گزشتہ رات لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 65 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے، کراچی کنگز کی ٹیم 202 رنز کے تعاقب میں 136 رنز پر آؤٹ ہوئی، خوشدل شاہ نے 39 اور حسن علی نے 27 رنز بنائے، شان مسعود اور ٹم سائفرٹ 18،18 رنز اسکور کر سکے، جب کہ رشاد حسین اور شاہین آفریدی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور قلندرز نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں پر 201 رنز بنائے تھے، فخر زمان 45 گیندوں پر 76 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ڈیرل مچل نے 41 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی، سیم بلنگز 19، محمد نعیم 7 اور عبداللہ شفیق 6 رنز بنا سکے، نائب کپتان حسن علی نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔