اسلام آباد اور گردو نواح میں ژالہ باری کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچا، راولپنڈی اور مضافات میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آبادمیں اچانک شروع ہونے والی طوفانی بارش اور ژالہ باری نے شہر کا نقشہ بدل دیا، بڑے بڑے اولے پڑے تو باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لنڈی کوتل، طور خم و دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے چل تھل ہوگا۔
برساتی ریلوں میں مال بردار گاڑیوں پھنس گئیں، تیز ہوائوں اور بارش کے باعث پاک افغان شاہراہ بھی بند کردی گئی۔
ژالہ باری کے بعد شاہراہوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور دلکش نظارے دیکھنے میں آئے، تاہم پارکنگ میں کھڑی مختلف گاڑیوں کو بڑے اولے پڑنے سے شدید نقصان پہنچا۔
اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس سی ڈی اے نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔