ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

’اسرائیل کا اقتصادی بائیکاٹ جائز مگر پاکستان میں فوڈ چین پر حملے حرام ہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

جمعیت اہلحدیت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کےمجرم اسرائیل کا اقتصادی بائیکاٹ جائز لیکن پاکستان میں فوڈ چین پر حملے حرام ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعیت اہلحدیت کے رہنما ابتسام الہٰی ظہیر، ہشام الہٰی ظہیر اور مولانا عبدالغفار روپڑی نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جائز ہے لیکن پاکستان میں نجی فوڈ کی فرنچائز پر حملے حرام ہیں۔

اہلحدیث علما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قائم فوڈ چین پاکستانیوں کی ملکیت ہیں اور ان پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ کے ساتھ یہ بھی واضح کر دیا جائے کہ اسرائیلی اور فرانسیسی مصنوعات کون سی ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا قوم کی رہنمائی کرے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ہر بائیکاٹ مہم پر وہی مصنوعات فرانس، ڈنمارک اور اسرائیل کی قرار دے دی جائیں۔

جمعیت اہل حدیث کے رہنماؤں نے اپنے حقوق کے لیے 18 اپریل کو رائے ونڈ میں احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اکثریت اور اقلیت کی بنیاد پر عبادت کے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسی فضا پیدا کرنے کے حق میں ہیں کہ ایک ہی مسجد میں تمام مسالک اکٹھے نماز ادا کریں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر جاری بربریت کے خلاف گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر ملکی فوڈ چین پر پُر تشدد حملے کیے گئے اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں