حیدرآباد : ایم نائن موٹر وے پر ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ سے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کا مقابلہ ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز حیدرآباد کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے مسلح افراد سے مقابلے کیلیے مزید نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا ہے۔
اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ مسلح افراد ٹارگٹڈ کارروائی کے ارادے سے ایم نائن موٹر وے پر پہلے سے موجود تھے۔
پنجاب جانے والے متعدد ٹریلرز پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے گروہ کے پاس جدید اسلحہ ہے، آخری اطلاعات تک مسلح افراد سے فائرنگ کاتبادلہ جاری تھا، مسلح گروہ کے پاس بارودی مواد بھی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لونی کوٹ کی حدود میں سی ٹی ڈی حیدرآباد اور ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ڈیٹونیٹر، دستی بم، پیٹرول بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار علاقے کی سرچنگ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 189 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور جہلم میں کیے گئے۔ اس دوران راولپنڈی سے 2 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوا۔