کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار عماد عرفانی نے موجودہ دور کے پاکستانی ’ویون رچرڈ‘ کا نام بتا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں میزبان وسیم بادامی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کرکٹ سے متعلق اپنی ماہرانہ رائے کا بھی اظہار کیا۔
کرکٹ سے آگاہی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اداکار عماد عرفانی نے بتایا کہ بنیادی طور پر میں ٹیسٹ کرکٹ کو ہی اصل کرکٹ مانتا ہوں، کیونکہ اس میں کھلاڑی کی توجہ اس کی ذہنی و جسمانی کارکردگی اور مستقل مزاجی کا پتہ چلتا ہے۔
اداکار عماد عرفانی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کرکٹ سے تعلق لوگوں کا رجحان اور دلچسپی بھی بدلتی جارہی ہے، اب 5 دن کا کھیل 20 اوورز میں تبدیل ہوگیا ہے لیکن اس کا بھی اپنا علیحدہ مقام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ویسے تو باسط علی اور کامران اکمل کا بہت بڑا فین ہوں کیونکہ ان دونوں نے بہت زیادہ کرائسز میں اپنی اننگز کامیابی سے کھیلی ہیں، دونوں کرکٹرز کے چھکے چوکے دیکھنے میں مزہ آتا تھا۔
میزبان نے سوال کیا کہ آپ کی نظر میں اس وقت کا پاکستانی’ویون رچرڈ‘ کون ہے جس کے جواب میں اداکار عماد عرفانی نے برملا کہا کہ اس کیلیے میں فخر زمان کا بہت بڑا فین ہوں انہیں بڑا کرکٹر سمجھتا ہوں۔
مزید پڑھیں : اب بھی خود کو مکمل فٹ محسوس نہیں کر رہا، فخر زمان
نوے کی دہائی کے کرکٹرز کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اُس وقت کی پاکستانی ٹیم میں پہلے سے آٹھویں نمبر تک کے کھلاڑی کی جو پرفارمنس تھی وہ بعد کی ٹیموں میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔ ان کی اس بات کی تصدیق پروگرام میں موجود سابق کرکٹر باسط علی اور کامران اکمل نے بھی کی۔