ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

بچھڑے بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملانے کا مشن

اشتہار

حیرت انگیز

کوئی بھی بچہ والدین کی آنکھوں سے اوجھل ہوجائے یا گمشدہ ہوجائے تو ان کو اپنے پیروں کے نیچے سے زمین سرکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے، اپنے بچے کے بچھڑنے کا کرب ماں باپ ہی بہتر سمجھ سکتے ہیں۔

ایسے ہی والدین کی مشکل کو آسان کرنے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی صوبائی حکومت نے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت ’میرا پیارا ‘ کے نام سے منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد گمشدہ بچوں کو ان کے والدین تک بحفاظت پہچانا ہے، اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں میرا پیارا کی ٹیم کی انچارج سدرہ اکرم رانا اور اے آئی ہیڈ صدف ظہور رانا نے اس مہم سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

سدرہ اکرم رانا نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں یومیہ 70 سے 72 بچے لاپتہ یا گمشدہ ہوجاتے ہیں جن میں سے تقریباً 50 فیصد بچے ہمیں مختلف مقامات سے لاوارث حالت میں مل جاتے ہیں۔

اے آئی ہیڈ صدف ظہور رانا نے بتایا کہ اس پروگرام کا آغاز 26 جولائی 2024 سے کیا گیا تھا اور اب تک تقریباً 9 ماہ میں 50ہزار بچوں کو ان کے والدین سے ملایا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہمارے کام کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ پولیس ہیلپ لائن ون فائیو کے ذریعے ہمیں کال موصول ہوتی ہے اور پولیس کے تعاون سے بچہ ملنے کے بعد اسے ایدھی سینٹر یا چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا جاتا ہے، جس کے بعد اس کی شناخت کا باقاعدہ عمل شروع کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے بچوں کی شناخت کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جینس (اے آئی) کی مدد سے بھی کام کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ ہماری سوشل میڈیا ٹیم بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرتی ہے اور لوگ ہمارے پوسٹ کیے گئے بینرز کو صارفین دیگر گروپوں میں شیئر کرتے ہیں جس سے بہت آسانی ہوجاتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں