لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش کے باعث حادثات میں6 افراد جان سے گئے جبکہ دیواریں اور چھتیں گرنے سے انیس افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق طوفانی بارش نےپنجاب کےمختلف شہروں میں تباہی مچادی، دیواریں اورآسمانی بجلی گرنےسے پانچ افراد جاں بحق اورانیس زخمی ہوگئے، جن میں پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔
جہلم میں گھروں کی دیواریں گرنےسے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور کوٹ ادومیں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ راولپنڈی رتہ امرال کے علاقہ میں مسجد کی دیوار گرنےسے نوجوان جان سے گیا۔
کوٹلی میں آسمانی بجلی سے جنگل میں آگ لگ گئی جو آندھی کی وجہ سے بڑے رقبے پر پھیل گئی۔
چلاس میں طوفانی آندھی سے گھروں کی دیواریں گرگئیں،ایک بچہ جاں بحق اور دوزخمی ہو گئے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال کے باعث متعدد سڑکیں بہہ گئیں اور ضلع خیبرمیں آبی ریلوں سے پاک افغان شاہراہ بند ہوگئی،جس سے کئی مال بردارگاڑیاں پھنس گئیں۔
مانسہرہ میں طوفانی بارش سے بجلی کی تاریں گرگئیں۔ جس سےبجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ضلع مہمندمیں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش اور آزادکشمیر کے شہروں بھمبر،کوٹلی اور میرپورمیں شدید بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری، اولے پڑنے سے گاڑیوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے، بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے تھے جبکہ اولوں کی زد میں آکر فیصل مسجد کے شیشےچکنا چور ہوگئے تھے۔۔