سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں سے ہوتا ہوا گرد و غبار کا طوفان نجران پہنچ گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گرد و غبار کے طوفان کے باعث محکمہ تعلیم ریجن کے تمام سکولوں میں تدریسی عمل متاثر ہوا ہے، گزشتہ روزطلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے تدریسی عمل آن لائن انجام دیا گیا۔
محکمہ شہری دفاع نے تمام رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلا ضرورت گاڑی پر سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ گرد وغبار کے طوفان سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الباحہ، عسیر، ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن بھی متاثر ہوں گے۔ مذکورہ علاقوں میں مطلع گرد آلود رہے گا اور حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عراق کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید ریت کا طوفان آنے کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیاتھا، سانس میں تکلیف کے باعث ہزاروں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ بصرہ اور نجف کے ہوائی اڈوں کو بند کردیا گیا۔
عراقی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد میں 1,014 افراد، جب کہ المُثنّی صوبے میں 874 مریض لائے گئے۔
ترجمان سیف البدَر کے مطابق اسپتالوں میں لائے گئے زیادہ تر مریضوں کو گردوغبار کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، تاہم کسی کے مرنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق شہری ماسک پہن کر سنسان سڑکوں پر چلتے نظر آئے۔ ہوا میں گرد اتنی شدید تھی کہ نظریں بمشکل ایک کلومیٹر سے آگے دیکھ سکتی تھیں۔
عراق میں ریت کا طوفان، ہوائی اڈے بند
ماہرین کا کہنا ہے کہ عراق میں ریت کے طوفان آنا معلوم کی بات ہے، مگر ماحولیاتی تبدیلی اور صحراؤں کے پھیلاؤ کے باعث ان کی شدت اور تعداد مزید بڑھ رہی ہے، اقوام متحدہ نے عراق کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پانچویں سب سے زیادہ کمزور ملک قرار دیا ہے۔