اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قرضوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر بوجھ پڑا، ہمیں اس چنگل سے باہر نکلنا ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ ایف بی آر کے انتظامی امور ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ ہم نے ایک سال پہلے کیا تھا جس کا آغاز ہو چکا ہے لیکن یہ سفر طویل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلیے ہمارا جہاد جاری رہے گا، وزیر اعظم
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ اچھے کام پر تحسین ہوتی ہے اور خراب کام کا حساب لیا جاتا ہے، ہم ایف بی آر سمیت ہر جگہ یہ پالیسی اپنا رہے ہیں، چیئرمین راشد لنگڑیال سے کہا ہے جو لوگ اچھا کام کریں گے انہیں پروموٹ کریں گے، گریڈ 17 کے اچھا کام کرنے والے افسر کی تنخواہ 72 ہزار ہے تو بڑھا کر ساڑھے 3 لاکھ روپے کر دیں گے، جو لوگ کام نہیں کریں گے ان کیلیے پنالٹی ہے کیونکہ سزا اور جزا ہی معاشرے کو بہترین اور بگاڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں سے نجات کیلیے اہداف پر تیزی سے پیشرفت کرنا ہوگی اور راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی، پچھلے سال کے مقابلے محصولات میں 27 فیصد اضافہ قابل ستائش ہے لیکن پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کیلیے شبانہ روز محنت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا اور کام کرنا ہے، قرضوں سے جان چھڑانی ہے تو آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا، اداروں کے اہلکار محنت اور جذبے سے ملک کی خدمت کریں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ درست نہیں کہ ہم چند کروڑ روپے خرچ کرنے کے بجائے ورلڈ بینک و دیگر پر انحصار کر رہے ہیں، ہم تیزی سے اس منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کیلیے پاکستان وجود میں آیا، جو تبدیلی آنی چاہیے تھی اس کی شروعات ہو چکی ہے۔
ایف بی آر کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کو پرال، ڈیجیٹل انوائسنگ اور پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم پر بریفنگ دی گئی جبکہ افسران سے ملاقات بھی کروائی گئی۔
بریفنگ دی گئی کہ نادرا، بینکنگ اور دیگر شعبوں سے ادائیگیوں و اثاثہ جات کی خریداری کا ڈیٹا لیا جا رہا ہے، ٹیکس بیس میں اضافے کیلیے ایف بی آر جدید و خودکار نظام کے اطلاق کیلیے اقدمات کر رہا ہے، اصلاحات و ڈیجیٹائیزیشن کے ویژن کے مطابق پوری ویلیو چین کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
’ڈیجیٹل انوائسنگ کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جس کا جلد اجرا کر دیا جائے گا۔ رواں مالی سال کیلیے ٹیکس گوشواروں کو مزید آسان کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت 35 سے زائد مزید کمپنیاں ٹیکس نظام میں شامل ہوگئی ہیں۔‘
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر افسران کی کارکردگی کی جانچ کیلیے خود کار اور ڈیجیٹل نظام کا اجرا کیا جس سے افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں مالی فوائد اور ترقی میسر ہو سکے گی۔