پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے وکٹ لینے کے بعد منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ بیان کردی۔
پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے 36 سالہ آل راؤنڈر نے انکشاف کیا کہ کس طرح ٹیم کے ساتھیوں اور انتظامیہ کے ساتھ پلے اسٹیشن فیفا سیشنز کے دوران جشن نے ان کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جشن دراصل انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کے ساتھ پہلے سے طے شدہ ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہم اپنا بہت سا وقت فیفا کے ساتھ کھیلتے ہوئے گزارتے ہیں، اس لیے مجھے واضح کرنا ہے کہ یہ بے ترتیب حرکتیں نہیں ہیں، اس سیزن میں ہر کھلاڑی کا اپنا جشن ہے اور میں نے فٹبالرز محمد صلاح اور کائلان ایمباپے کو خراج تحسین پیش کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ ہر میچ سے پہلے ہم ایک گروپ کے طور پر فیصلہ کرتے ہیں کہ اگر میں وکٹیں لوں گا تو میں کونسا جشن مناؤں گا، یہ ہماری پرفارمنس سے لطف اندوز ہونا ہے۔
عماد وسیم نے پی ایس ایل کے تین میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ایک میچ میں 26 رنز کے دے کر 3 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔