راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا جنہیں ویمن تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول لائن پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 کارکنان کو گرفتار کیا تھا، جس کو چھڑوانے کیلیے عالیہ حمزہ تھانے آئی تھیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عالیہ حمزہ ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں کل ہونے والے ورکرز کنونشن کے سلسلے میں گئی تھیں اس موقع پر پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم کارکنان سے سخت مزاحمت کی۔
تاہم مزاحمت کو روکنے کیلیے عالیہ حمزہ نے پولیس کو خود گرفتاری دی ان کے ساتھ پی ٹی آئی کے 6 کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پی ٹی آئی کی خاتون رہنما سیمابیہ طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالیہ حمزہ سمیت 6 کارکنوں کو ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار رہنما اور کارکنان کو پہلے تھانہ سول لائن منتقل کیا
ان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 5 کارکنوں کو سول لائن سے واپس تھانہ ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا۔
تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں آج ہمارا یوتھ کنونشن تھا جہاں سے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا یا کنونشن کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہم نے قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کیا۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پاکستان تحریک انصاف نے سینیئر پارٹی رہنما عالیہ حمزہ کو پنجاب کا چیف آرگنائزر مقرر کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ان کی بحیثیت چیف آرگنائزر پنجاب کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
گزشتہ سال اگست میں فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کی 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی تھی۔
مزید پڑھیں : عدالت نے پولیس کو عالیہ حمزہ کی گرفتاری سے روک دیا
عالیہ حمزہ کا شمار پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں قید رہی ہیں۔