کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ پاور پلے میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے بولرز نے جیت یقینی بنادی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی کے بعد کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ جیمز ونس نے بہت زبردست اننگز کھیلی، جانتے تھے محمد نبی ایسی پچوں پر بہت کارآمد ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جانتے تھے اس پچ پر گیند اسپن ہوگی، پاور پلے میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے بولرز نے جیت یقینی بنادی۔
دوسری جانب گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ پاور پلے میں 5 وکٹیں گر جائیں تو میچ نہیں جیت سکتے، پچھلے میچ میں بھی پاور پلے میں بہت وکٹیں گنوا دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے میچ سے پہلے بات کریں گے غلطیوں پر کیسے قابو پائیں۔
یہ پڑھیں: پی ایس ایل 10: کراچی کنگز کی دوسری کامیابی، کوئٹہ گلیڈی کو شکست
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بناسکی۔
محمد عامر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان سعود شکیل نے بھی 33 رنز بنائے۔
کوشل مینڈس 12 رنز بناسکے، حسن نواز ایک، فن ایلن 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، رائلی روسو بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے تین رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی تین وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور عباس آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔