جہلم : پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو اڈیالہ جیل سے دوسری جیل میں منتقل کردیا گیا ہے، انہیں گزشتہ روز راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو اڈیالا جیل سے ڈسٹرکٹ جیل جہلم روانہ کردیا گیا ہے۔
عالیہ حمزہ اور پی ٹی آئی کے دیگر گرفتار کارکنان کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو آج اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد عدالت سے 14روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قیدیوں کیلیے جگہ نہ ہونے کے باعث عالیہ حمزہ کو وہاں سے جہلم جیل منتقل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : عالیہ حمزہ اور کارکنان کیخلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کمال دین میں احتجاج کرنے پر رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عالیہ حمزہ اور کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عالیہ حمزہ اور کارکنان کے خلاف مقدمہ کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے سڑک بلاک کر کے احتجاج اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔