لاہور : قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن نکلے، بجلی چوروں کو پکڑنے والی پولیس خود بجلی چوری کرتے پکڑی گئی، تھانہ ایس ایچ او بجلی چوری پکڑے جانے پر فرار ہوگیا۔
ا ے آر وائی نیوز کے مقبول ترین پروگرام سرعام کی ٹیم نے لاہور کے ایک پولیس اسٹیشن پر چھاپہ مار کر قانون کا سبق پڑھانے والی پولیس کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اس کو اس ملک کی بدقسمتی کہیے یا کچھ اور کہ یہاں کے عوام سیاستدان اور افسران اور تو اور سرکاری ادارے بھی بجلی چوری کرکے اسی وطن عزیز کی جڑوں کو معاشی طور پر کمزور اور کھوکھلا کررہے ہیں۔
اوراگر ایسا محکمہ پولیس جس کا کام ہی چوروں کو پکڑنا ہو اور اس کے افسران و اہلکار خود اسی چوری میں ملوث ہوں تو ان کیخلاف کون مقدمہ درج کرے گا؟
اس سلسلے میں ٹیم سرعام نے لاہور کے تھانہ فیروز والا میں بجلی چوری کا پورا نیٹ ورک پکڑا جس میں مکمل منصوبہ بندی کے تحت اور بہت راز داری کے ساتھ چوری کی بجلی استعمال کی جارہی تھی۔
چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ مین روڈ کے کنارے پر موجود ٹرانسفارمر سے بجلی کی موٹی سی وائر پوشیدہ طریقے سے منسلک کرکے مین روڈ کے دوسری جانب 600 میٹر کے فاصلے پر موجود تھانے تک براستہ نالا اور زیر زمین لے جائی گئی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایسا بھی ناممکن ہے کہ اس چوری کا علم لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے حکام کو نہ ہو، اور تھانے کے افسران کے اے سی اور بجلی کے دیگر آلات میں استعمال ہونے والی بجلی کا بل یقیناً عوام کے بلوں کے ذریعے لائن لاسز کی مد میں وصول کیا جاتا ہے۔
ٹیم سرعام کے پہنچنے پر تھانہ فیروز والا کا ایس ایچ او ایک کام کا بہانہ کرکے وہاں سے رفو چکر ہوگیا، یہ لاہور کا صرف ایک ہی تھانہ نہیں بلکہ چار سے پانچ تھانے ایسے ہیں جہاں بجلی کی چوری استعمال کی جاتی ہے۔