اتوار, اپریل 20, 2025
اشتہار

پاکستان میں نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ گیا، 5 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے تحقیقی مطالعہ شروع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایک تحقیقی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں میں دل کے امراض بہ شمول ہارٹ اٹیک خطرناک حد تک بڑھنے لگے ہیں، اور 70 فی صد نوجوان موٹاپے اور خراب کولیسٹرول میں مبتلا ہیں۔

کارڈیالوجسٹ پروفیسر بشیر حنیف کا کہنا ہے کہ موٹاپے اور کولیسٹرول کے سبب نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ گیا ہے، بیش تر افراد کی شریانوں میں چکنائی جمنے کا عمل ابتدائی عمر میں ہی شروع ہو چکا ہے، جو قبل از وقت دل کے دورے کا باعث بن رہا ہے۔

انھوں نے کہا نوجوانوں میں دل کے امراض سے متعلق 10 سالہ تحقیقی مطالعے پر گیٹس فارما کے اشتراک سے تقریباً ڈیڑھ ارب روپے (5 ملین امریکی ڈالر) خرچ کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 80 فی صد خواتین اور 70 فی صد مرد موٹاپے کا شکار ہیں، 70 فی صد سے زائد افراد کا خراب کولیسٹرول خطرناک حد تک بلند ہے، اور نصف سے زائد کا اچھا کولیسٹرول غیر معمولی طور پر کم پایا گیا ہے، یہ شرح دنیا بھر میں کسی بھی نوجوان آبادی میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔


گوند کتیرا کا حکیمی شربت کن اجزا سے بنتا ہے؟ ویڈیو دیکھیں


تحقیقی رپورٹ کے مطابق بعض نوجوانوں میں دل کی شریانیں صرف 20 سال کی عمر میں ہی تنگ ہونا شروع ہو چکی ہیں، 30 اور 40 سال کی عمر کے افراد میں ہارٹ اٹیک ایک عام واقعہ بنتا جا رہا ہے، ڈاکٹر بشیر حنیف نے بتایا کہ ہم ایسے کیسز دیکھ رہے ہیں جہاں 19 یا 20 سال کے نوجوانوں کو بھی دل کا دورہ پڑ رہا ہے۔

اس تحقیق میں ملک بھر سے 2,000 سے زائد مرد و خواتین کو شامل کیا گیا، جن کی عمریں 35 سے 65 سال کے درمیان ہیں، ان افراد کی مکمل میڈیکل اسکریننگ، خون کے تجزیے، جینیاتی ٹیسٹ، اور شریانوں کی CT انجیوگرافی کی جا رہی ہے، جن میں 42 فی صد افراد کو ہائی بلڈ پریشر اور 23 فی صد کو شوگر تھی۔

ڈاکٹر بشیر حنیف کے مطابق یہ تحقیق صرف روایتی عوامل جیسے تمباکو نوشی یا ناقص غذا تک محدود نہیں، پاکستان میں ایک نیا ’’کارڈیو ویسکولر رسک اسکور‘‘ تیار کرنے کی فوری ضرورت ہے، مغربی ممالک کے موجودہ ماڈل 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بنائے گئے ہیں، جب کہ پاکستان میں لوگ 40 سال سے بھی پہلے دل کے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں