حیدر آباد: وزیر مملکت مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی کا کہنا ہے کہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مجھ پر حملے میں شامل ہے کیونکہ وہ ایک جمہوری جماعت ہے۔
کھئیل داس کوہستانی نے میڈیا سے گفتگو میں خود پر ہونے والے حملے کے بارے میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں دراڑ ڈالنے کی سازش ناکام بنائیں گے، جن لوگوں نے مجھ پر حملہ کیا ان کے چہرے سب نے دیکھے ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ پولیس کی مدعیت میں کیس درج ہوا ہے اور کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں جو ترقی و خوشحالی اور پاکستان کی بات کرتے ہیں، اشتعال انگیزی سے راستہ نہیں روکا جا سکتا، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمیں اپنے کام سے نہیں روک سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹھٹھہ میں وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملہ
پیپلز پارٹی کے تحفظات کے بارے میں کھئیل داس کوہستانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور قومی رہنما ہیں، ان کی صوبے میں حکومت ہے اور صوبے کے تحفظات سامنے رکھنا بھی ان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنا مؤقف سامنے رکھنے کا اختیار رکھتی ہے، ان کا اور ہمارا مؤقف واضح ہے کہ اشتعال انگیزی نہیں ہونی چاہیے، جو بھی معاملات ہیں اس پر ان کے ساتھ جلد بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے کینالز منصوبے پر سندھ کے تحفظات کو دور کریں گے، وفاقی حکومت کینالز پر کوئی یک طرفہ فیصلہ نہیں کرے گی، ایکنک کی منظوری کے بغیر نئے کینالز کا منصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔