کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کیلیے پہلی پرواز 159 لاہور سے روانہ ہوگئی جس کی روانگی سے قبل بین الاقوامی روانگی لاؤنچ میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، ڈی جی پی اے اے، پی آئی اے مینجمنٹ سمیت آذربائیجان کے سفیر نے تقریب میں شرکت کی جبکہ لاہور سے باکو جانے والی پرواز کی روانگی سے قبل کیک بھی کاٹا گیا۔
قومی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے 174 مسافر لاہور سے باکو روانہ ہوئے، ابتدائی طور پر لاہور سے پہلے مرحلے میں باکو کیلیے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: باکو جانے کے خواہش مندوں کیلیے بڑی خوشخبری
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا قومی ایئر لائن مشکل سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گی لیکن وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اصلاحاتی پروگرام کے بعد پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئر لائن اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے باکو اسی سلسلے کی کڑی ہے، پرواز سے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
13 اپریل کو پی آئی اے نے لاہور سے باکو کیلیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی خوشخبری سنائی تھی کہ 20 اپریل سے ہفتہ وار دو پروازیں اتوار اور بدھ کو چلائے گی۔
اس سلسلے میں ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں انہیں پروازوں سے متعلق معلومات دی گئی تھیں۔
اپریل 2024 میں باکو سے کراچی کیلیے پروازوں کا آغاز کیا گیا تھا۔ پہلی پرواز کے کراچی انٹرنینشل ائیرپورٹ پہنچنے پر طیارے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے واٹر سلوٹ کی سلامی دی گئی تھی۔