ملتان: صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے اعلان کیا ہے کہ ہمارے حقوق نہیں دیے جا رہے ہمیں فصل کا ریٹ چاہیے ورنہ آئندہ گندم کاشت نہیں کریں گے۔
صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کہنے پر گندم تو لگا لی مگر ابھی تک انہوں نے کسی کسان سے ملاقات نہیں کی، 15 ارب روپے کا اعلان کر کے کسانوں کا مذاق اڑایا گیا، اب ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
خالد کھوکھر نے کہا کہ کسان کے پاس پیسے نہیں کہ کھاد خرید سکے، گندم کی فصل کا ریٹ کسانوں کو نہیں مل رہا، کاشتکار اس وقت بہت پریشان ہے، خدانخواستہ حالات یہ نہ ہوں کہ خودکشی پر آ جائے، مریم نواز سے کہتا ہوں سبسڈی اور خیرات واپس لے کر ہمیں اجرت دے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کی گندم کا نرخ طے نہ کرنے پر حکومت کو وارننگ
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کسانوں کو کھربوں کا نقصان ہوا ہے، کاشتکار ڈر ڈر کر زندگی گزار رہا ہے، یہ حکومت امریکا برازیل کے کا شتکار کو منافع دے رہی ہے لیکن اپنے کاشتکاروں کو کوئی سبسڈی نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے کاشتکاروں کو پہلے سے ہی گندم کا ریٹ دے دیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کرتا ہوں کسانوں کا خیال کریں، ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔
خالد کھوکھر نے مزید کہا کہ تین دن پہلے وزیر اعظم ہاؤس میں میٹنگ کی گئی جہاں شہباز شریف کو سارے حقائق سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے گندم کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔