پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور رواں سیزن میں لائیو ویور شپ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
دنیا کی مقبول ترین لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دسواں ایڈیشن جاری ہے اور اس کے سنسنی خیزی سے بھرپور مقابلے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
گو کہ اس برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایک ہی دورانیے میں منعقد ہو رہے ہیں تاہم اس کے باوجود پی ایس ایل کو براہ راست دیکھنے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔
پی ایس ایل کے رواں 10 ویں ایڈیشن میں صرف ایک ہفتے میں لائیو ویور شپ میں ریکارڈ 826.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں نیا ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے آغاز سے 9 ویں ایڈیشن تک یہ لیگ ہر سال فروری مارچ میں ہوتی رہی ہے۔ تاہم رواں برس اسی دورانیے میں پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلی گئی اور میگا ایونٹ کا اختتام ماہ رمضان میں ہوا۔
اپریل میں آئی پی ایل ہونے کے باعث کوئی انٹرنیشنل ایونٹ یا کسی ملک کی لیگ نہیں ہوتی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے جرات مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے اسی دورانیے میں پی ایس ایل شیڈول کی اور اس کی مقبولیت نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔