بھارت میں اتر پردیش سمیت 6 ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتر پردیش سمیت ملک کی کئی ریاستوں کے لیے شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گرمی میں مزیں 2 سے 3 ڈگری تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق آئندہ پانچ دنوں کے دوران شمال مغربی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 ڈگری سے 3 ڈگری سیلسیس تک بڑھے رہنے کا امکان موجود ہے۔
بھارت کے وسطی ہند میں بھی منگل سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے آثار ہیں۔ مشرقی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4 ڈگری سے 6 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں میں گرم ہوائیں چلنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں 22 سے 24 اپریل، راجستھان، ہریانہ میں 23 اور 24 اپریل، ودربھ میں 21 سے 23 اپریل تک لُو چلنے کے امکانات موجود ہیں، پڈوچیری، تمل ناڈو، کرئیکل میں 22 اپریل تک موسم شدید گرم رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے قومی ادارہ صحت نے ہیٹ اور سن اسٹروک سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
پاکستان بھر میں اس وقت شدید گرمی کی لہر جاری ہے کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ قیامت خیز گرمی کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
شدید گرمی کے حوالے سے قومی ادارہ صحت نے ہیٹ اور سن اسٹروک سے متعلق ایڈوائزی جاری کر دی ہے اور اس کا اجرا وفاق اور صوبوں کو کر دیا گیا ہے۔
ایڈوائزی میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، اور ملک میں ہیٹ ویو سے نقصانات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ اس صورتحال میں لوگوں کا ہیٹ اسٹروک سے تحفظ کے لیے دھوپ اور ڈی ہائیڈریشن سے بچاؤ ضروری ہے۔
لاہور کے چڑیا گھر میں گرمی سے جانور مرنے لگے
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور حکومتوں کی جانب سے پیشگی حفاظتی انتظامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔