منگل, اپریل 22, 2025
اشتہار

بلوچستان میں زیر تعمیر 23 میں سے 18 ڈیموں کی تعمیر میں تاخیر کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بلوچستان میں زیر تعمیر 23 میں سے 18 ڈیموں کی تعمیر میں تاخیر کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج پیر کو قرة العین مری کی زیر صدارت سینیٹ کی منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بلوچستان میں جاری ڈیم منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں صوبے میں زیر تعمیر 23 میں سے 18 ڈیموں کی تعمیر میں تاخیر کا معاملہ سامنے آیا، بتایا گیا کہ صوبے میں 14 ڈیم تکمیل کی مدت ختم ہونے پر بھی مکمل نہ ہو سکے، جب کہ 4 ڈیموں کے منصوبے لاگت بڑھ جانے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے۔

منصوبہ بندی حکام کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں اس وقت 23 ڈیم منصوبے جاری ہیں، جن میں سے 11 چھوٹے اور 12 بڑے منصوبے ہیں، تمام ڈیم منصوبوں کی لاگت 182 ارب 83 کروڑ روپے ہے، جب کہ اب تک ان ڈیم منصوبوں پر 50 ارب 55 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہو چکی ہے۔

حکام نے بتایا کہ رواں مالی سال ان ڈیموں کی تعمیر کے لیے 22 ارب 38 کروڑ مختص کیے گئے، جن میں سے اب تک 5 ارب 31 کروڑ روپے جاری ہوئے، اس رقم میں سے 4 ارب 86 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق بلوچستان میں ڈیموں کے منصوبوں پر مالی پیش رفت صرف 21.7 فی صد ہے۔

دریں اثنا، قائمہ کمیٹی نے گوادر میں ٹورزم کے لیے خصوصی مراعات کا پلان طلب کیا، گوادر میں ترقی کے لیے منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلات اور صوبائی حکومت کی جانب سے گوادر کے لیے اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں