کراچی: ایس آئی یو نے انٹیلی جنس معلومات پر کراچی سے بین الصوبائی منشیات فروش کو گرفتار کرلیا جبکہ نیٹ ورک کا سرغنہ فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایس آئی یو نے انٹیلی جنس معلومات پر گزری میں کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات کے سپلائر علی خان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے کہا کہ گرفتار ملزم سے 5 لاکھ مالیت کی 205 گرام آئس برآمد ہوا جبکہ گرفتار ملزم کا ساتھی شاہ فہد موقع سے فرار ہوگیا، منشیات سپلائی نیٹ ورک کا سرغنہ مفرور شاہ فہد ہی ہے۔
ایس ایس پی کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزم 7،6 سال سے کراچی میں منشیات کا نیٹ ورک چلا رہا ہے، فرار ملزم شاہ فہد کے پاس کوکین کے 12 انڈے تھے،کراچی میں کوکین، آئس اور ایرانی ویڈ بلوچستان سے آتی ہے۔
شعیب میمن نے بتایا کہ مفرور ملزم شاہ فہد 3،2 سال سے اسلام آباد میں مقیم ہے، لاہور اور اسلام آباد میں منشیات براستہ پشاور لائی جاتی ہے، گرفتار ملزم نے مزید انکشافات کئے ہیں، گرفتار ملزم اور مفرور شاہ فہد پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکے ہیں۔