کراچی : سندھ حکومت نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ کرلیا، مجموعی طور پر 5 کروڑ 26 لاکھ روپےکی گاڑیاں لی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کہ سندھ حکومت نے کمشنرز کو نئی 2755 سی سی گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے بجٹ جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں بتایا کہ 5 کمشنرز اور 29 ڈپٹی کمشنرزکو لگژری گاڑیاں دی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 52 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔
سندھ کے 5 کمشنرز کو 10 کروڑ 8 لاکھ کی نئی گاڑیاں دی جائیں گی اور ڈپٹی کمشنر زکو 40 کروڑ 15 لاکھ سے نئے ڈالے خرید کردئیے جائیں گے۔
یاد رہے 5 ستمبر کو سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 2 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سندھ کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے 138 اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے نئی ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے کے لیے 2 ارب روپے جاری کرنے کے لیے محکمہ خزانہ کو خط لکھا تھا۔
بعد ازاں اس پیشرفت کے بعد جماعت اسلامی نے سندھ حکومت کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور 28 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے صوبے میں اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 138 ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔