وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم ترقی کی رفتار میں پیچھے رہ گئے اب پاکستان کی اڑان میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں انوویشن ہب سیزن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 25 سالوں میں ہم ترقی کی رفتار میں پیچھے رہ گئے، لیکن اگلے 22 سالوں میں ہمیں تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کرنا ہوگی۔ اب ہم پاکسان کی اڑان میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ آزادی کے ابتدائی 50 سال ہم نے خطے میں لیڈر شپ کے طور پر گزارے، لیکن ہم نے تسلسل کا ویژن قائم نہیں رکھا، اس لیے پیچھے رہ گئے۔ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج اس وقت ایکسپورٹ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں ورلڈ کریٹوٹی اور انوویشن ڈے منایا جا رہا ہے۔ انوویشن کی رفتار جتنی تیزی سے آج جا رہی ہے، پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ پاکستان میں انوویشن فنڈ سے ہم نے نوجوانوں کیلیے ایک ونڈو اوپن کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے بدقسمتی سے ملک میں اپنا بیانیہ منفی کر دیا ہے۔ ہم بیرون ممالک میں بھی اپنے بارےمیں متزلزل نظر آتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا یہ بیانیہ نہیں کہ ہم ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کی نظر سے دیکھیں بلکہ ہمارا بیانیہ اور تشخص تو محنت اور جدت ہے۔