کیتھولک مسیحوں کے 88 سالہ روحانی پیشوا پوپ فرانسس آج انتقال کر گئے جس کے بعد اب ان کے جانشین کا انتخاب ہونا ہے۔
کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا 88 سالہ پوپ فرانسس طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئے۔ ان کے دنیا سے کوچ کرنے کے بعد اب ان کے جانشین کا انتخاب ہونا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد ان کے جانشین کا انتخاب کارڈینلز کریں گے۔ اس طریقہ انتخاب کو ’پیپل کونکلیو‘ کہا جاتا ہے، جو مخصوص قسم کا الیکشن ہے۔ اس الیکشن میں صرف کیتھولک چرچ کے اعلیٰ مذہبی رہنما کارڈینلز ہی ووٹ دے سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئے پوپ کے انتخاب کیلیے 80 سال سے کم عمر کارڈینلز ووٹ ڈالنے کے اہل ہوتے ہیں۔ اس وقت 138 کارڈینلز ایسے ہیں جو نئے پوپ کے انتخاب کے لیے اہل ہیں۔
پوپ فرانسس سے متعلق 500 سال قبل کی گئی پیشگوئی
یہ کارڈینلز ویٹیکن کی تاریخی عمارت سسٹین چیپل میں جمع ہوتے ہیں، جہاں انتخاب کے لیے ہونے والی تمام کارروائی کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔
نیا پوپ منتخب ہونے کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے اور اس انتخاب کی کارروائی مہینوں بھی جاری رہ سکتی ہے۔
نئے پوپ کے انتخاب سے متعلق اطلاع چمنی سے دھواں خارج کرکے دی جاتی ہے۔ اگر چمنی سے کالا دھواں نکلے تو اس کا مطلب ابھی تک پوپ کا انتخاب نہیں ہوسکا جب کہ سفید دھواں نکلنا اس بات کا اعلان ہوتا ہے کہ نیا پوپ منتخب ہو چکا ہے۔
نئے پوپ کا باضابطہ اعلان ویٹیکن کی بالکونی سے کیا جاتا ہے جسے ’ہیبیمس پاپام‘ کہتے ہیں۔ منتخب پوپ اپنا نیا لقب اختیار کرتے ہیں۔