چوروں نے رات کی تاریکی میں تربوز کے کھیت کا ہی صفایا کر دیا اور یونیورسٹی کے زیر انتظام سات ایکڑ رقبے پر کاشت کیے گئے تربوز چوری کر لیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چوری کی یہ انوکھی واردات پنجاب کے شہر کمالیہ میں پیش آئی ہے جہاں یونیورسٹی آف کمالیہ کے زیر انتظام 7 ایکڑ اراضی پر تربوز کاشت کیے گئے تھے۔
رات کی تاریکی میں چوروں نے پورے کھیت کا ہی صفایا کر ڈالا اور تربوز کی تمام فصل توڑنے کے بعد ٹرکوں میں بھر کر فرار ہو گئے۔
اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے لیے 710 گ ب میں مختص اراضی پر تربوز کی فصل کاشت کی گئی تھی جو مکمل طور پر تیار ہو چکی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق تربوز کی فصل کی نیلامی 25 اپریل کو مقرر تھی۔ تربوز چوری کرنے والےملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کو خط لکھ دیا گیا ہے۔