منگل, اپریل 22, 2025
اشتہار

مصطفیٰ علی ہمدانی: قیامِ پاکستان کی نوید سنانے والا صدا کار

اشتہار

حیرت انگیز

1947ء میں ریڈیو پر قیامِ پاکستان کی نوید سنانے والے مصطفیٰ علی ہمدانی کا نام ہمارے وطن کی تاریخ‌ کا حصّہ ہے۔ آج مصطفیٰ علی ہمدانی کی برسی ہے۔

ریڈیو پر قیام پاکستان کا اعلان ہمدانی صاحب نے ان الفاظ میں کیا تھا:‌ ‘السلامُ علیکم، پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس، ہم لاہور سے بول رہے ہیں، 13 اور 14 اگست سنہ 47 عیسوی کی درمیانی شب ہے، 12 بجے ہیں، طلوعِ صبح آزادی۔ قیامِ پاکستان کی نوید سناتی یہ آواز صدا کار مصطفٰی علی ہمدانی کی تھی۔

نئی مملکت کے قیام کا اعلان سننے والے مسلمانوں‌ نے نعرۂ تکبیر بلند کیا۔ اور اس کے ساتھ ہی ہجرت کا وہ سلسلہ بھی شروع ہوگیا جس میں‌ لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنا گھر بار، مال و متاع چھوڑ کر پاکستان آنے لگے۔ حتی کہ انمول خونی رشتے بھی قربان کرنے پر مجبور ہوگئے۔ پاکستان ہی نہیں ہندوستان کے طول و عرض میں‌ بسنے والے مسلمانوں کے لیے اب آل انڈیا ریڈیو کی جگہ ریڈیو پاکستان پر خبریں، ترانے اور ضروری اعلانات نشر ہورہے تھے۔

مصطفیٰ علی ہمدانی 1969 تک ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہے۔ وہ چیف اناؤنسر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے لیکن 1971 میں بھارت سے غیر علانیہ جنگ کے دوران رضا ہمدانی رضاکارانہ طور پر ریڈیو پاکستان پر قوم کا جذبہ بڑھاتے رہے تھے۔ بعد میں اس وقت کے وزیراطلاعات و نشریات مولانا کوثر نیازی کے بے حد اصرار پر انہوں نے ایک معاہدے کے تحت 1975 تک اناؤنسر کی تربیت کی ذمہ داری بھی نبھائی۔

مصطفٰی علی ہمدانی کا انتقال 21 اپریل 1980ء میں‌ ہوا۔ لاہور میں مصطفیٰ علی ہمدانی 29 جولائی 1909ء کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کا بچپن انشا پرداز مولانا محمد حسین آزاد کے گھر میں گزرا۔ اس آفتابِ علم کے ساتھ رہتے ہوئے ان میں مطالعہ اور علم و ادب کا شوق کیسے پیدا نہ ہوتا۔ سو، انھوں نے فن کی دنیا سے ناتا جوڑا۔ وہ 1939ء میں تقسیم سے قبل لاہور ریڈیو اسٹیشن سے بطور براڈ کاسٹر وابستہ ہوئے تھے۔

مصطفٰی علی ہمدانی ہی نے لاہور اسٹیشن سے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی وفات کی جانکاہ خبر بھی سنائی تھی۔ 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے دوران بھی لاہور اسٹیشن سے خصوصی نشریات کے دوران قوم اور سرحدوں پر ہمارے سپاہی بھی ان کی آواز سنتے رہے تھے۔

مصطفٰی علی ہمدانی اردو کے علاوہ عربی اور فارسی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔ انھیں تلفظ اور الفاظ کی درست ادائی کے حوالے سے سند تسلیم کیا جاتا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں