کراچی: سندھ حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ کینالز کے معاملے پر بیان بازی کرنے والے اپنے لوگوں کو سمجھائیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا پرسوں فون آیا تھا اور آج پھر ان سے بات ہوئی، انہوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں جسے ہم نے ویلکم کیا، امید ہے وزیر اعظم شہبازشریف اس مسئلے کو حل کریں گے، ہم چاہتے ہیں چولستان اور تھرپارکر کو آباد ہو۔
یہ بھی پڑھیں: گندم اور کینالز کو ساتھ نہ ملائیں، (ن) لیگ معاملے سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، سعید غنی
شرجیل میمن نے کہا کہ (ن) لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات ہو رہی ہے جبکہ ان کے کچھ اسپوائلرز ہیں جو بیانات دے رہے ہیں، ہمارے لیڈران یا وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی غلط بات کرے گا تو چیزیں مزید خراب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت ڈسٹرب ہو، جو اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں ان کی سیاسی تربیت ٹھیک نہیں، وہ چاہتے ہیں دونوں جماعتوں میں حالات خراب ہوں تاکہ چیزیں کسی اور طرف جائیں، آخری بار کہہ رہے ہیں (ن) لیگ اپنے لوگوں کو سمجھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سے اب کوئی بیان آیا تو شاید ہمارے ترجمان بھی شعلہ بیانی کریں گے، ہم چاہتے ہیں حکومت اور اسمبلیاں چلیں جس کیلیے ہم نے سپورٹ کیا ہے، رانا ثنا اللہ سے بات چیت کا مطلب یہی ہے کہ ہم چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر پہلے دن سے اپنے مؤقف پر قائم ہے، پہلے دن سے کوشش رہی کہ مسئلے کو حل کی طرف لے کر جائیں، کینالز معاملے پر لوگوں کے جائز خدشات ہیں جنہیں دور کیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ سی سی آئی کا اجلاس ہر 90 دن میں ہو، 3 جولائی کو سمری وفاقی حکومت کو پہنچ چکی تھی، سندھ حکومت نے سب سے پہلے کینالز پر اعتراضات کیے اور خلاف مختلف قراردادیں بھی پاس ہوئیں، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے حکومت کو سی سی آئی میٹنگ کے حوالے سے بیشتر خطوط لکھے گئے، چاہتے ہیں سی سی آئی کی میٹنگ ہو تاکہ سندھ حکومت کا مؤقف پہنچے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں کہ نیا پانی جنریٹ کر سکیں، آپ پنجاب کے کسی علاقے کا پانی لے رہے ہیں تو پہلے وہاں کے کاشتکاروں کو بتائیں، کیا اس علاقے کا کاشتکار آپ کو اجازت دے گا کہ اس کا پانی لیا جائے؟