سعودی عرب میں حج 2025 کے سلسلے میں حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اللہ کے مہمانوں کی خاطرداری کے لیے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج 2025 کے دوران حاجیوں کی صحت کو مقدم رکھتے ہوئے وزارتِ حج و عمرہ نے متوقع شدید گرمی اور لُو کے پیش نظر خاص انتظامات کئے ہیں۔
اس حوالے سے ‘حج آگاہی مرکز’ کے تعاون سے ایک مہم شروع کی گئی ہے، جس میں حجاج کرام کو سورج کی تپش اور گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزارت نے ایک حفاظتی کتابچہ بھی شائع کیا ہے جس میں تین اہم حفاظتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
حجام کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دن کے وقت باہر نہ نکلیں اور اگر بہت ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں یا چھتری کے سائے میں رہیں۔
پانی کا استعمال زیادہ رکھیں اور پسینہ بہنے سے روکیں۔ سایہ دار مقامات پر زیادہ قیام کریں۔ دھوپ سے جتنا ہوسکے اپنے آپ کو بچائیں۔
علاوہ ازیں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے پُرسکون رہیں اور شدید گرمی میں جلد بازی سے گریز کریں۔ سخت جسمانی کام نہ کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں پہلے ہی حاجیوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے دونوں مقدس مساجد میں خصوصی اتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
حج کی سعادت کا خواب! خواہشمند پاکستانیوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگ گئی
حاجیوں کے لئے سایہ دار مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے اور فضا میں پانی چھڑکاؤ کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔