بھارت کے نیرج چوپڑا نے اولمپئن ارشد ندیم کو بھارت آمد کی دعوت دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 مئی سے بنگلورو میں ہونے والے نیرج چوپڑا کلاسک جیولن تھرو مقابلوں میں دنیا بھر کے تمام جیولن تھرور بھارت جائیں گے۔
ایونٹ کے لیے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا۔
نیرج چوپڑا نے بتایا کہ ارشد ندیم سے بات ہوئی ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کوچ سے بات کرکے انہیں مطلع کردیں گے۔
یہ پڑھیں: بھارت میں نوجوانوں کو ’’ارشد ندیم‘‘ سے جیت کا گُر سیکھنے کا درس دیا جانے لگا
ارشد ندیم کےکوچ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، بھارت جانے کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہوگی۔
ایونٹ میں بھارت کے دیگر 3 سے 4 نیزہ باز بھی حصہ لیں گے۔
امریکا، یورپ اور دیگر خطوں کے کئی اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں واحد گولڈ میڈل حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔