بھارت میں نیشنل ہائی وے کو توسیع دینے کےلیے پروجیکٹ کے دائرے میں آنے والے 50 سال پرانے مزار کومسمار کردیا گیا۔
شمالی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے رودرا پور میں انتظامیہ نے نیشنل ہائی وے کی توسیعی پروجیکٹ کے لیے مزار کو بلڈوز کیا، انتظامیہ نے صبح مزار کو مسمار کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی گاڑی کو علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
قومی شاہراہ 74 کے توسیع شدہ دائرے میں آنے والا معصوم میاں کا مزار کئی دہائیوں پرانا تھا، پہلے ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انتظامیہ اسے ہٹا سکتی ہے۔
مسماری کے عمل کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا۔ معلومات کے مطابق، این ایچ آئی، ضلع انتظامیہ اور پولس انتظامیہ کی ایک ٹیم صبح بلڈوزر کے ساتھ اندرا چوک پہنچی۔
مزار ہائی وے کو چوڑا کرنے کے دائرے میں آ رہا تھا، سڑک کو کشادہ کرنے کے لیے انتظامیہ نے نوٹس جاری ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس پر کارروائی کی فوری طور پر مزار کو منہدم کردیا، جس جگہ مقبرہ تھا وہ جگہ مکمل طور پر ہموار کر دی گئی۔
انتظامیہ نے میڈیا اہلکاروں کو بھی موقع پر پہنچنے سے روک دیا،ً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی انہدامی کارروائی کے بعد اس علاقے کی ٹریفک بحال کی گئی۔