راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ 2025 میں خود پر لگنے والے میچ فکسنگ کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
فرنچائز نے میچ فکسنگ الزمات کی تردید کرتے ہوئے انھیں ‘گمراہ کن’ قرار دیا ہے، راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر جے دیپ بہاری نے آئی پی ایل 2025 میں راجستھان رائلز کی لکھنؤ سپر جائنٹس کے ہاتھوں 2 رن کی شکست پر سوال اٹھایا تھا۔
الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے راجستھان رائلز کے ایک سینئر اہلکار دیپ رائے نے کہا کہ یہ الزامات گمراہ کن، جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، ہم ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کے عوامی بیانات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ ان سے راجستھان رائلز، رائل ملٹی اسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، راجستھان اسپورٹس کونسل اور بی سی سی آئی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے، یہ کرکٹ کی سالمیت کو بھی داغدار کرتے ہیں۔
راجستھان رائلز کی انتظامیہ نے بھی باضابطہ طور پر ریاست کے وزیر اعلیٰ، وزیر کھیل، اور اسپورٹس سیکریٹری کو خط لکھ کر جے دیپ بہاری کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔
آئی پی ایل میں ٹیم جان بوجھ کر میچ ہاری! میچ فکسنگ کا سنگین الزام لگ گیا