اسلام آباد: مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے پہلگام میں حملے کے نتیجے میں سیاحوں کی ہلاکت پر پاکستان نے ردعمل دے دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے حملے پر میڈیا کے سوالات پر کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں کے جانی نقصان پر تشویش ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہلاک افراد کے عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کرتا ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 سیاح ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ بائی سرن وادی میں پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک، 8 زخمی، بھارتی میڈیا
مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے سیاحوں پر حملے کی مذمت کی گئی۔
سیاحوں پر حملہ اُس وقت کیا گیا جب امریکی نائب صدر بھی بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی مودی حکومت سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلیے آپریشن کا ڈرامہ رچاتی رہی ہے، مودی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلیے متعدد بار فالس فلیگ آپریشن کاڈرامہ رچا چکی ہے۔
حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا اور خفیہ ایجنسی را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا، حملے میں مذہب کا استعمال کرتے ہوئے غیر مسلموں کو نشانہ بنانے کا ڈرامہ بھی کیا گیا۔
مقبوضہ وادی میں سیاحوں پر حملے کے بعد حسبِ روایت بھارتی میڈیا کی جانب سے من گھڑت پروپیگنڈا جاری ہے۔