سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کے تحت جعلی مقابلے میں دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سرجیون اوری نالہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔
قابض بھارتی فوج کی جانب سے مذکورہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی جب مقبوضہ وادی کے ضلع اننت ناگ کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملہ، پاکستان کا ردعمل آگیا
حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ’پاکستان کا ہاتھ‘ کا بیانیہ چلایا۔ بھارتی چینلز نے حملے کو پاکستانی دہشتگردی کہہ کر بیچا ہے۔
انتہا پسند بھارتی حکومت کی بنیاد عوام کو جنگ کیلیے اکسانے جیسے بیانیہ پر کھڑی ہے، بھارتی میڈیا خود ساختہ دہشتگردی کی خبر پر شور مچا دیتا ہے جبکہ Naxalite حملوں پر چپ سادھ لیتے ہیں کیونکہ حقیقت ان کے جھوٹ کو بے نقاب کرتی ہے۔
مودی میڈیا کا نیا نظریہ یہ ہے کہ بھارت میں ہونے والی ہر دہشتگردی پاکستان کرتا ہے۔ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا بھارتی عوام کو بیوقوف بنانے میں مصروف ہیں، بھارتی میڈیا جھوٹ بیچتا ہے تاکہ عوام حقیقی مسائل سے دور رہیں۔