ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

یمن کے حوثی باغیوں نے شمالی اسرائیل کی جانب بیلسٹک میزائل سے حملہ کر دیا جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنانے دعویٰ کیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ یمن کے حوثیوں نے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا جسے مار گرا دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق بیلسٹک میزائل سے علی الصبح 4 بجے کے قریب حملہ کیا گیا جس کے فوراً بعد حیفہ، کریوٹ اور دیگر علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔

یہ علاقہ حوثی باغیوں کیلیے ایک غیر معمولی ہدف ہے جہاں وہ امریکا کی شدید فضائی حملے کی مہم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

اکتوبر 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حوثیوں نے کئی بار اسرائیل پر میزائل اور ڈرون فائر کیے جنہیں وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیتے ہیں۔

حوثی باغی یمن کے ایک بڑے علاقے پر قابض ہے اور اسرائیل نے دارالحکومت صنعا سمیت ملک کے اندر کئی بار حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

18 اپریل 2025 کو حوثیوں نے اسرائیل کے ہوائی اڈے پر میزائل داغا تھا۔ باغی گروپ کے ترجمان یحییٰ ساری کا کہنا تھا کہ آج صبح اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر ایک بیلسٹک میزائل داغا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گروپ نے ایک امریکی ڈرون کو بھی مار گرایا جو صنعا گورنری کے اردگرد دشمنانہ کارروائیاں کر رہا تھا۔

جبکہ اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ یمن سے ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا اور ملک کے فضائی دفاع نے میزائل کو روک دیا تھا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قبل ازیں امریکی فضائیہ نے یمن میں تیل بندرگاہ پر بڑا حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 72 افراد کے جاں بحق اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں