اسلام آباد: مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر کی سنگجانی جلسے کے مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت ہوئی، عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی سب کو معاف کرنے کو تیار ہیں، اسد قیصر
تفتیشی افسر کی استدعا پر درخواست ضمانت پر آج دلائل نہ ہو سکے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کیس کی اگلی سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے،دلائل دیےجائیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
15 اپریل 2025 کو سنگجانی جلسہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے دوران اسد قیصر کی عدم پیشی پر اے ٹی سی نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
وکیل عائشہ خالد نے بتایا تھا کہ میرے مؤکل بیرون ملک ہیں واپسی 22 اپریل کو ہے۔ اس پر جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ ملزم کس کو بتا کر گئے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ ان کا نام ای سی ایل میں تھا ہائیکورٹ سے اجازت لے کر گئے۔
جج کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی عبوری ضمانت ہو چکی ہے وہ آتے نہیں، آخر میں آپ ان کو بلا لیتی ہیں، جو اجازت لے کر گئے ہیں اس کی کوئی عدالتی دستاویز لے کر آئیں، نومبر میں ان کی عبوری ضمانت ہوئی اس کے بعد آنے کی زحمت نہیں کی، ہائیکورٹ آرڈر نہ دکھایا تو میں ضمانت خارج کر دوں گا۔