کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو شاہ فیصل تھانے میں ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر، فہیم خان اور شاہنواز جدون سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا 9 مئی سے متعلق کیسز کے حوالے سے اہم حکم جاری
اے ٹی سی نے 17 ملزمان پر مقدمے میں فرد جرم عائد کی تاہم کمرہ عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔
8 اپریل 2025 کو پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں 9 مئی مقدمات کے ملزمان کی ضمانت منسوخی اپیلوں پر سماعت میں نقصانات کی رپورٹ جمع کروائی تھی۔
رپورٹ میں بتایا تھا کہ پنجاب میں 9 مئی واقعات سے 19 کروڑ 70 لاکھ کا نقصان ہوا جبکہ 24 ہزار 595 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
پنجاب حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پنجاب کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا، لاہور میں 110 ملین، راولپنڈی میں 26 ملین اور میانوالی میں 50 ملین کا املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
وکیل پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایک ادارے پر حملہ کیا گیا، پنجاب بھر کے 38 اضلاع میں 319 مقدمات درج ہوئے۔ واقعات کے ٹوٹل ملزمان کی تعداد 35 ہزار 962 ہیں اور واقعات کے 11 ہزار 367 ملزمان گرفتار ہیں۔