جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

بھارت ہوش کے ناخن لے، کشیدگی میں اضافہ مفاد میں نہیں، سعد رفیق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بھارتی لیڈرشپ ہوش کے ناخن لے کشیدگی میں اضافہ مفاد میں نہیں۔

سعد رفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والا حملہ افسوسناک ہے پاکستان ایسی کسی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا، دہشتگردی کا ہر واقعہ قابل مذمت ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے بہت قیمت ادا کی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی بھارت میں ایسے واقعات ہوں بغیر شواہد پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے، پہلگام واقعے پر حکومت پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ جعفر ایکسپریس واقعے پر بھارت کی طرف سے ایک لفظ نہیں بولا گیا، بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد جو پابندیاں عائد کیں وہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق اسے منسوخ نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملے پر بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے بھارتی حکمرانوں کی کوشش تھی کہ سندھ طاس معاہدہ ختم کر دیں، معاہدے کو چھیڑ کر بھارتی حکومت نے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی ہے، اگر بھارت کے پاس شواہد تھے تو پاکستان یا انٹرنیشنل فورم پر لے کر جاتے، حیران ہوں بھارت پاکستان سے کئی گنا بڑا ملک ہے ان کی قیادت کو شعور نہیں۔

سعد رفیق نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازع ایشوز کو حل کیا جائے، جہاں افسوسناک واقعہ پیش آیا وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا علاقہ ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی میں مصروف ہے، کشمیریوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے شواہد فراہم کرے، بھارت نے کہا کہ انڈیا میں رہنے والے تمام پاکستانی فوری ملک چھوڑ دیں، بھارتی لیڈرشپ ہوش کے ناخن لے کشیدگی میں اضافہ مفاد میں نہیں، عالمی سطح پر بھی اس طرح کے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں، پاکستان کی پالیسی بھارت میں مداخلت یا دہشتگردی کی نہیں، بھارت نے پاکستان کو مسلسل مداخلت اوردہشتگردی کا نشانہ بنایا۔

(ن) لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ’را‘ ایجنٹ کلبھوشن کی بلوچستان سے گرفتاری اور اعتراف جرم کھلا ثبوت ہے، نا جانے کتنے کلبھوشن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلیے لانچ کیے گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں