جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

بھارت میں شرمناک واقعہ: دلت دولہے کو مندر جانے سے روک دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کے اندور میں ایک اور شرمناک واقعہ رونما ہوا، دلت دولہے کو مندر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، جبکہ پولیس نے بھی معاملے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلت دولہے کو مندر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ معاملے نے جب طول پکڑا تو پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے دونوں فریقین کو سمجھانے کی کوشش کی، مگر مسئلے کا حل نہیں نکل سکا۔

دولہے کو مندر کے باہر سے ہی رسوم ادا کرائی گئیں اور بارات روانہ ہوگئی، مندر انتظامیہ جس کا تعلق کھیاتی سماج سے بتایا جارہا ہے، کا کہنا ہے کہ یہ مندر ان کی ذاتی ملکیت ہے۔

ذرائع کے مطابق نہال پور مُنڈی گاؤں کے رہنے والے دلت نوجوان وشال چوہان کی بارات تھی۔ گھوڑے پر سوار ہو کر دولہا گھر کے قریب مندر پہنچا، مندر پر پہلے سے ہی کھیاتی سماج کے افراد موجود تھے۔

مذکورہ افراد نے دولہے کو مندر میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ان کا ذاتی مندر ہے، اس لیے اس میں اسے داخلہ نہیں ملے گا۔ ساتھ ہی کہا کہ اگر دولہا چاہے تو مندر کے باہر سے ہی درشن کر سکتا ہے۔

دولہے کے ایک رشتہ دار کا واقعے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گھر سے روانہ ہونے کے بعد بارات مندر پر درشن کے لیے رکی تھی لیکن وہاں موجود کھیاتی سماج کے لوگوں نے دولہے کو مندر میں داخل نہیں ہونے دیا۔

بھارتی مندر میں‌ الم ناک حادثہ پیش آ گیا، 6 ہلاک درجنوں زخمی

دولہنے کے رشتہ دار کے مطابق پولیس بھی موقع پر پہنچی مگر کوئی کارروائی نہیں کی۔ بلرام گوڑ نے بتایا کہ ہمارا تعلق بلائی سماج سے ہے جب کہ گاؤں کے لوگ کھیاتی سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں