جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلیے فضائی حدود بند کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کر دی جس کا باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹم کے مطابق پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ سول اور ملٹری طیاروں کیلئے بند رہےگی۔ وہ طیارے جو بھارتی ایئرلائنز و آپریٹرز کی ملکیت یا لیز پر ہیں پاکستانی حدود استعمال نہیں کریں گے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو اضافی 2 گھنٹے لگیں گے جب کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کو روزانہ لاکھوں ڈالرز کے اضافی اخراجات ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد بھارتی پروازیں روزانہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں جن میں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، ادپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور آکاسا ایئر سمیت دیگر شامل ہیں۔

پچھلی بار فضائی حدود کی چند روزہ بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو آٹھ کروڑ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا جس سے مسافروں کے سفری اخراجات میں بھی بہت اضافہ ہوا تھا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی اور پاکستان کے جوابی فیصلوں سے تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا۔

ناظم الامور کو بھارتی ہائی کمیشن کے ڈیفنس، ایئر اور نیول اتاشی کو ناپسندیدہ قرار دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈیفنس، نیول اور ائیراتاشی ، سپورٹنگ اسٹاف کو پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا، اور بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو تیس افراد تک محدود کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سکھ یاتریوں کےعلاوہ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا، واہگہ چیک پوسٹ بند کرنے کے فیصلے کا بھی بتایا گیا ہے۔

بھارت کو باضابطہ تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر شملہ ودیگرمعاہدے معطل کرنے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تجارت بشمول بلواسطہ تجارت کی معطلی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سول وعسکری قیادت کی ہدایات کی روشی میں فیصلے کیے گئے ہیں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں