لاہور : دریائے راوی میں تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پانچ نمبر ٹی بند روڈ راوی کے قریب تین بچے دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ تینوں بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں اور لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، بچوں میں چھ سالہ نصیب اللہ، سات سالہ امیر حمزہ اور نو سالہ قدرت اللہ شامل ہیں جبکہ بچوں کی عمریں نو، سات اور چھ سال ہیں۔
یاد رہے رواں ماہ ہی شکرگڑھ کے جلالہ بند پر تین بہن بھائی دریائے راوی میں ڈوب گئےتھے ، مرنے والوں میں بارہ اور چودہ سال کے دو بچےاورآٹھ سال کی ایک بچی شامل تھی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا بچے پھسل کردریا میں جاگرے تھے، جس میں ایک بہن اور 2 بھائی شامل تھے، فیملی نواحی گاؤں کھناسے سیر کیلئے آئی تھی۔