ہفتہ, اپریل 26, 2025
اشتہار

پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ، ٹکٹس بھی مہنگے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوا اور ٹکٹس بھی مہنگے ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کو شدید دھچکا لگا۔

بھارت سے یورپ اور امریکا جانے والی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوا، جس سے پروازوں کیلئے زیادہ ایندھن درکار ہوگا جبکہ ٹکٹس بھی مہنگے ہوگئے۔

فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئرلائنز کیلئے ایندھن لاگت اور آپریشنل پیچیدگیوں میں بھی اضافہ ہوا ، جس کے باعث بھارت سے وسطی ایشیا،مغربی یورپ، مغربی ایشیا، برطانیہ اور امریکا جانے والی پروازیں متاثر ہیں۔

پاکستان سے گزر کر بھارت آنے اور جانے والی دیگر ایئرلائنز بدستور آپریٹ کرتی رہیں گی، بھارتی ایئر لائنز پر پاکستانی فضائی حدود کی پابندی سے دیگر ایئر لائنز کو فائدہ ہوگا۔

بھارتی ایئرلائنز کو شمالی امریکا،یورپ،مشرق وسطی کیلئے متبادل راستے اختیارکرنا ہوں گے ، پاکستانی پابندیوں سے ایئر انڈیا،انڈیگو، اسپائس جیٹ کی پروازوں کا روٹ تبدیل ہوگیا ہے، پروازوں کا روٹ تبدیل ہونے سے دورانیےمیں اضافے اورایندھن کی کھپت میں اضافہ ہوا۔

پابندی کااطلاق تمام بھارتی ملٹری طیاروں بشمول لیزشدہ طیاروں پربھی ہوگا، بھارت کے ملکیتی یا بھارتی ایئر لائنز کے تحت آپریٹ کیے جانے والے طیاروں پر پابندی ہوگی۔

روزانہ 70 سے 80 پروازیں بھارت آنے اور جانے کے لئے پاکستانی فضائی حدود سے گزرتی ہیں اور بعض اوقات بھارت آنے اور جانے والی پروازوں کی تعداد 100 سے بھی تجاوز کر جاتی ہیں۔

دہلی سے باکو اور جانے والی پروازوں کے دورانیہ میں 90 منٹ کا اضافہ ہوا جبکہ پاکستانی پابندی کے نتیجے میں دہلی سے الماتا سروس مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔

یاد رہے بالاکوٹ حملے کے بعد فضائی حدودکی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 700 ارب کا نقصان ہوا تھا اور بھارت کی قومی ایئرلائنزایئرانڈیا سب سے زیادہ متاثرہوئی تھی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں