سابق کرکٹر سہیل تنویر نے لاہور قلندرز کے آصف علی سے اوپننگ کروانے والے کو سائنسدان کہہ دیا۔
گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہورقلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 130 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 اور حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قلندرز کی جانب سے آصف علی کو اپنر بھیجا گیا اور وہ صرف 5 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔
PSL 10- پی ایس ایل کی تمام خبریں
سابق کرکٹر سہیل تنویر نے آصف علی سے اوپننگ کروانے پر تنقید کی اور کہا کہ اس سائنسدان کو کریڈٹ دیں جس نے انہیں اوپنر بھیجا۔
سہیل تنویر نے کہا کہ میں نے کبھی آصف علی کو اوپننگ کرتے نہیں دیکھا، ان کا کردار ہمیشہ مڈل آرڈر میں پاور ہٹنگ کرتے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ آپ اس سے اننگ کا آغاز کروا رہے ہیں جس کی تکنیک زیرو ہے، وہ پاور ہٹر ہے اس سے پہلے بھیجنا سمجھ سے باہر ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ نئے گیند سے کھیلنا آسان نہیں ہوتا، اس کا آؤٹ ہونا دیکھ لیں کہ انہیں پتا ہی نہیں لگا کہ گیند اندر آگئی، جس طرح نئی گیند کرنا آرٹ ہے اسی طرح کھیلنا بھی ایک آرٹ ہی ہے۔