پی ایس ایل 10 کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 143 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناسکی، ابرار احمد کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹم سائفرٹ کی 47 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، جیمز ونس 30 رنز بنا سکے، کپتان ڈیوڈ وارنر 4 رنز بنا کر محمد عامر کا نشانہ بنے۔
شان مسعود 9 اور عمر بن یوسف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 4 اور خوشدل شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر، خرم شہزاد اور وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد نے چار اوور میں 15 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 19.3 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا۔
View this post on Instagram
فہیم اشرف 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل مینڈس 36 اور حسن نواز 35 رنز بناسکے۔سعود شکیل 6، فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، رائلی روسو 6 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔
View this post on Instagram
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عباس آفریدی اور میر حمزہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
View this post on Instagram
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
کپتان ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ شان مسعود اور ایمرجنگ کھلاڑی فواد علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، عمیر بن یوسف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے بتایا کہ وسیم جونیئر، خرم شہزاد اور مارک چیمپن کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
کراچی کنگز نے ہوم گراؤنڈ پر تین میچ جیتے ہیں جبکہ گلیڈی ایٹرز نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے، کراچی نے پہلے راؤنڈ میچ میں کوئٹہ کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 12 اور کراچی نے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔