کراچی: آل سٹی تاجر اتحاد نے آج غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیے جانے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما شرجیل گوپلانی نے ایک بیان میں آج جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان شدہ ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ٹمبر مارکیٹ مکمل طور پر کھلی رہے گی۔
شرجیل گوپلانی نے کہا ہمارا کسی ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم 7 اپریل کو کر چکے ہیں۔ دوسری طرف صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آج غزہ بچاؤ ہڑتال ہوگی، ملک بھر کے ایک کروڑ سے زائد تاجر اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔
’اب 26 اپریل کی ہڑتال اسرائیل امریکا اور بھارت کیخلاف ہو گی‘
اجمل بلوچ نے کہا اسلام آباد کے تاجر شام 5 بجے آبپارہ چوک میں احتجاج کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے میں ناکامی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہڑتال کی جا رہی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 26 اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکا کے خلاف ہے، یہ شیطانی ٹرائی اینگل پوری دنیا میں بدامنی کا سبب ہے، جس کے خلاف قوم متحد ہو کر پیغام دے کہ وہ اہل غزہ سے پیار کرتی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے بھی آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، صدر ابرار خان نے کہا تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ہڑتال کا اعلان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔